(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )امریکی صدر کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطی جیسن گرین بلیٹ نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فلسطین ۔اسرائیل تنازعہ کے خاتمے کے لیے پیش کیے جانے والے ممکنہ امن منصوبے کو جلد ہی حتمی شکل دے کر اسکو دنیا کے سامنے پیش کر دیں گے ۔
منگل کے روز اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جیسن گرین بلیٹ کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی ہر ممکنہ کوشش ہے کہ امن معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسکے چیدہ چیدہ نکات دنیا کے سامنے پیش کر دیئے جائیں تا کہ اس کے حوالے سے پھیلائے جانے والے ابہامات کو دور کیا جا سکے۔
جیسن گرین بلیٹ جنہوں نے امریکی صدر کے داماد اور خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی جئیرڈ کوشنر کے ہمراہ دو سال کے طویل عرصے تک اس امن منصوبے پر کام کیا ہے ،اب اس کی کامیابی کے لیے بہت ذیادہ پر امید ہیں۔ان کا دعوی ہے کہ اس منصوبے پر عمل درآمد کے نتیجے میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان دوریاں اور اختلافات بہت کم ہو جائیں گے۔اور دونوں فریقین مذاکرات کی میز پر آجائیں گے۔
کونسل کے ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے ابھی تک امن منصوبے کے اعلان کے لیے باضابطہ تاریخ کا اعلان نہیں کیا لیکن ہم پر امید ہیں کہ کچھ دن میں ہی سب کچھ ظاہر ہو جائے گا اور اس حوالے سے پھیلائی جانے والی تمام افواہیں دم توڑ دیں گی۔
خطاب کے دوران جب انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں مسئلہ فلسطین عالمی امنگوں،بین الاقوامی قوانین یا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق حل ہو تو اس بات پر کونسل کے ممبران نے شدید احتجاج اور نعرے بازی کی۔