(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران مقبوضہ فلسطین میں عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد مزید 10 افراد جہان فانی سے کوچ کرگئے جبکہ 670 نئےمتاثرین کی تصدیق کی گئی ہے۔
مقبوضہ فلسطین کی وزیرصحت می کیلہ نے رام اللہ میں اپنے دفتر میں میڈیا کے نمائندوں کو عالمی وباء کورونا وائرس کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں بتایا ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران مہلک وائرس نے مزید دس افراد کی جان لے لی جبکہ 670 افراد کو متاثر کیا ہے جس کے بعد مقبوضہ فلسطین کے مختلف شہروں میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 2,042ہوگئی ہے۔
وزیرصحت نےبتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کےدوران 4111 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کئے گئے جس میں 670 افراد کے مہلک وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوگئی نئے کیسز میں 292 کا تعلق غرب اردن، 178 کا غزہ اور 200 کا مقبوضہ بیت المقدس سے ہے جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں سے تین کا تعلق محصور شہر غزہ اور دو کا مقبوضہ بیت المقدس سے ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بیت المقدس 199، غزہ میں285 اور مغربی کنارے میں 255 مریض صحت یاب قرار دیے گئے۔