(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) جاپانی وزارت خارجہ نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی غیر قانونی یہودی آباد کاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے۔
کہا ہے کہ جاپان غرب اردن میں یہودی آبادکاری سےمتعلق اسرائیلی اقدامات کو تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ صیہونی ریاست کی جانب سے غرب اردن میں مزید یہودی آباد کاری کے اعلان پر عالمی برادری کی طرف سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے،جاپانی وزارت خارجہ کے ترجمان ماساتو اوٹاکا نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی آباد کاری اور توسیع پسندی کا اقدام ناقابل قبول ہیں ،جاپان کو اسرائیلی ریاست کےغیر قانونی اقدامات پر افسوس ہے جس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے ۔
جاری بیان میں اسرائیل کی طرف سے یک طرفہ طور پر یہودی بستیوں کی تعمیرو توسیع بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلا ف ورزی قرار دیتے ہوئے عالمی برادری کو اس غیر قانونی اقدامات کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس غیر قانونی اقدام سے خطے میں دیر پا امن کی کوششوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے اور تنازع فلسطین کے دو ریاستی حل کی راہ میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔خیال رہےکہ اسرائیل نےگذشتہ روز فلسطین کے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آباد کاروں کے لیے 1936 نئے گھروں کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔