(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مقبوضہ فلسطینی مسلمانوں کے مسلسل مظاہروں اور اپنے تاریخی ورثے کو صہیونی حکام کے قبضے سے بچانے کی فلسطینیوں کی کوششیں بالآخر کامیاب ہوئیں۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قابض ریاست اسرائیل میں بیت المقدس شہر میں دمشق دروازے کے پاس کھڑی کی گئی صہیونی پولیس کی رکاوٹیں ہٹا للی گئیں جس کے بعد سے اب دوبارہ فلسطینیوں کو اس چوک تک رسائی حاصل ہو گئی ہےجو رمضان کا مہینہ شروع ہونے کے بعد سے لڑائی کا میدان بنا ہوا تھا۔
صہیونی پولیس کی جانب سےمقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر کے داخلی دروازے سے رکاوٹیں ہٹانے کے بعد مشرقی یروشلم پلازا میں ہزاروں فلسطینیوں کا ہجوم اکٹھا ہوگیا اور نوجوانوں نے فلسطینی پرچم لہرائے ،ماہِ رمضان میں یہ مقام نماز تراویح کی ادائیگی کے لئے مقبول ہے۔
واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں پہلے سے پھیلی اشتعال انگیز کشیدگی، تیرہ اپریل کو ماہ رمضان کے آغاز پر تصادم میں تبدیل ہو گئی تھی۔