(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) سلفیت کے قصبے میں فلسطینی بچے کی شہادت کے بعد قابض فوج کی بے گنا ہ بچے کے والدین پر تشدد کے بعد علاقے میں زبردست جھڑپیں شروع ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق گذشتہ روز قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی علاقے سلفیت کےمغرب میں بنی حسن نامی قصبے سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ فلسطینی بچے عطاءاللہ رایان کی شہادت کے بعد شہید کے گھر پردھاوا بول دیا جس کے نتیجے میں شہید کے خاندان کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے حراست میں لیا گیا جس کے بعد مشتعل فلسطینی اہل علاقہ اورصہیونی فوج کے درمیان زبر دست تصادم ہوا اور جھڑپوں کے دوران متعدد افراد صہیونی فوج پر پتھراؤ کے نتیجے میں حراست میں لے لیے گئے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل قابض صہیونی فوجیوں کی گولیوں کا نشانہ بننے والا فلسطینی بچہ عطاءاللہ رایان شدید زخمی ہونے کے بعد شہید ہوگیاجس کے بارے میں غاصب صہیونی اہلکاروں کی جانب سے الزام عائد کیا تھا کہ فلسطینی نوجوان نے فوج پر چاقو کی مدد سے حملے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بناتے ہوئےغاصب فوج کی جانب سے گولیاں چلائی گئیں۔