(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض صہیونی ریاست میں روزانہ کی بنیاد پر درجنوں فلسطینی باشندوں کو حراست میں لے کر صہیونی مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ شب اسرائیلی قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مضافات میں گرفتاریوں کی مہم چلائی جس کے نتیجے میں الطور قصبے میں 8 فلسطینی نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے حراست میں لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجی فورس نے الطور قصبے میں فلسطینی باشندوں کے گھروں پردھاوا بولا اور درجنوں افراد پر تشدد کیا۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ان گرفتاریوں میں زیادہ ترافراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جن کے نام محمد اکرم ابو الھوا ، خلیل عطا ابو الھوا ، ابراہیم ابو الھوا ، فادی حجازی ابو الھوا ، آدم سامی ابو الھوا ، تامر محمود ابو لھوا ، اشرف غیث ، داؤد ابو حطب بتائے جاتے ہیں۔
قابض فوج نے مقبوضہ بیت المقدس میں باب حطہ کے مقام پر بھی گھر پر حملہ کرکے ایک فلسطینی نوجوان امین دویک کو بھی گرفتار کرلیا۔
تاہم اب تک کی اطلاعات کے مطابق صہیونی جیل انتظامیہ نے ان فلسطینی باشندوں کو تفتیشی مراکز منتقل کردیا ہے جہاں ان سے پوچھ گچھ جاری ہے۔