(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی طبی رضاکار لوئی جعافرہ کی گھر میں نظر بندی کے بعد سرے عام تشدد اور گرفتاری کے خلاف فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوج کے خلاف احتجاج کیا، مظاہرین کو منتشر کرنےکیلئے اسرائیلی فوجیوں نے آنسوگیس اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔
گذشتہ رات فلسطینی طبی رضا کار جوئی جعافرہ کی گرفتاری کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت مغربی کنارے میں ایک بار پھر فلسطینی نوجوانوں اور قابض صیہونی فوجیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں شروع ہوگئیں ہیں جس میں دو صیہونی فوجیوں اور متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
فلسطینی مظاہرین نے باب العامود پرقابض فوج کے خلاف احتجاج میں مصروف تھے اس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے اسرائیلی فوجی کی جانب سے بھرپور طاقت کا مظاہرہ کیا گیا، آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں چلائی گئیں جس کے نتیجےمیں متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں، ردعمل میں فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوجیوں پر پیٹرول بموں سے حملہ کیا اور پتھراؤ کیا جس سے دو صیہونی فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس اور غرب اردن کے مختلف علاقوں میں فلسطینی نوجوانوں نے قابض فوجیوں پر حملے کئے جس سے حالات ایک بار پھر کشیدہ ہوگئے ہیں، صیہونی فوجیوں نے مقبوضہ بیت المقدس او ر مختلف شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے تلاشی کے نام پر روایتی لوٹ مار شروع کردی ہے۔