(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور پناہ گزین کیمپوں میں ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس بربریت کے آغاز سے لے کر اب تک مغربی کنارے میں 55 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
جنین اور اس کے پناہ گزین کیمپ کو مسلسل 28 دنوں سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کے محاصرے اور حملوں کا سامنا ہے۔ ان حملوں میں درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، جب کہ بڑی تعداد میں شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، متعدد خاندانوں کو اپنے گھروں سے جبری بے دخلی کا سامنا ہے۔
جنین کیمپ میں 28 روز سے جاری اس جارحیت کے نتیجے میں اب تک 26 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جب کہ شہر کا انفراسٹرکچر تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔
دوسری جانب، طولکرم پناہ گزین کیمپ بھی مسلسل 22 دنوں سے صیہونی فوج کے حملوں کی زد میں ہے۔ یہاں قابض فوج نے وسیع پیمانے پر تباہی مچاتے ہوئے مقامی شہریوں پر مظالم کی انتہا کر دی ہے۔ مکینوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور زبردستی گھروں سے بے دخل کیا جا رہا ہے۔