(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسرائیل میں تعینات روسی سفیر نے اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں ہونے والی تمام خرابیوں اور بد امنی کی وجہ قراردے دیا۔
قابض صیہونی ریاست اسرائیل میں تعینات روس کے سفیر اناتولی وکتوروف نے اسرائیل کے معروف اخبار یروشلم پوسٹ کوانٹر ویو دیتے ہوئے ان تلخ حقائق کا بے خوف اظہا رکردیا جس کے حوالے سے بات کرتےہوئے دنیا کے اکثر ہی ممالک نہایت محتاط رہتے ہیں ۔
روسی سفیر نے اسرائیل کو مشرق وسطیٰ میں موجود مسائل اور بد امنی کی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں طویل عرصے سے جو بدامنی ہے اس کا ذمہ دار اسرائیل ہے، ایرانی سرگرمیاں نہیں ۔
روسی سفیر نے حزب اللہ کے متعلق اسرائیلی تحفظات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل فلسطین کے خلاف جو مسلسل آپریشنز کرتا آ رہا ہے اور شام سمیت دیگر ممالک میں ایرانی تنصیبات کو نقصان پہنچاتا آ رہا ہے۔ یہی خطے میں بدامنی کی اصل وجہ ہے۔
اسرائیل حزب اللہ پر حملے کر رہا ہے، حزب اللہ اسرائیل پر نہیں۔ اسرائیل کو کسی بھی دوسرے ملک پر کسی طرح کا کوئی حملہ نہیں کرنا چاہیے خواہ وہ شام ہو یا کوئی اور ملک۔ روس اسرائیل کے کسی ایسے حملے کی حمایت نہیں کرتا۔