(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی پولیس نے چھاپے کے بعد قصبے کو بند کردیا اور گھروں کی تلاشی کے دوران توڑ پھوڑ کی جس کے بعد پر تشدد جھڑپیں بھڑک اٹھیں۔
اطلاعات کےمطابق گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے قصبے العیسویہ میں عبید کے علاقے پر صہیونی پولیس نے چھاپہ مارا اور پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر بند کردیا۔ صہیونی پولیس کی اس کارروائی میں صہیونی آبادکار وں کے گروہ بھی شامل تھےجنھو ں نے پولیس کی گھر گھر تلاشی کے دوران مقامی باشندوں کی املاک کو نقصان پہنچایا اور لوٹ مار کی جس کے نتیجے میں صہیونی پولیس سمیت آباد کاروں اور مشتعل فلسطینی نوجوانوں کے مابین زبردست تصادم ہوا۔
صہیونی پولیس کے تشدد سے کئی فلسطینی زخمی ہوگئے جبکہ صہیونی آبادکاروں اور پولیس کے حملوں کا جواب دیتے ہوئے فلسطینی نوجوانوں نے پیٹرول بم پھینکےاور پتھراؤ کیا ۔خیال رہے کہ العیسویہ میں حال ہی میں صہیونی پولیس اور صہیونی آبادکاروں کے حملوں اور گرفتاری کی کاروائیوں میں اضافہ دیکھا گیا ہے