(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) یہودی آباد کاروں کی ایک بڑی تعداد کا گروہوں کی شکل میں ایک دفعہ پھر مسجد اقصی پر دھاوا، مسجد کے احاطے میں دندناتے رہے، مسجد میں موجود عبادت گزاروں کو ہراساں کیا اور مسجد کا تقدس پامال کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق گزشتہ روز ایک دفعہ پھر صیہونی فوج اور پولیس کے حفاظتی حصار میں صیہونی آباد کارمسجد اقصی میں گھس آئے ، بیت المقدس کے محکمہ اسلامی اوقاف کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہودی آباد کار مسجدی اقصیٰ کے باب رحمت سے اندر داخل ہوئے اور مسجد کے احاطے میں دندنانے لگے، شرپسند صیہونی آباد کاروں نے مسجد کے باب مغاربہ والے حصے میں اپنے مذہبی گیت تلمود گائے ۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا تھاکہ قابض فوج نے آباد کاروں کے مسجد میں داخل ہونے کے بعد مغاربہ دروازے کو آمدرورفت کے لیے بند کردیا تھا تاہم آباد کاروں کے واپس چلے جانے کے بعد دروازے کو دوبارہ کھول دیا گیا۔
یاد رہے کہ مذہبی عبادات کی آڑ میں مسجد اقصی پر آئے روز دھاوا بولنا اور اس کاتقدس پامال کرنا یہودی آباد کاروں کا وطیرہ بن چکا ہے او ر اسرائیلی فوج ان کی مکمل سرپرستی کے لیے ان کے ہمراہ موجود ہوتی ہے۔
اسرائیلی آباد کاروں کے مسجد پر دھاوے کے وقت وہاں موجود مسلمان عبادت گزاروں کو سیکورٹی کے نام پر شدید حراساں کیا جاتاہے اور انکو ایک جگہ پر محصور کردیا جاتا ہے ااور جب تک یہودی آباد کار مسجد میں موجود رہتے ہیں،مسلمان عبادت گزاروں کو اپنی جگہ سے ہلنے تک کی اجازت نہیں ہوتی۔