(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) فلسطینی صدر محمود عباس نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلیفونک گفتگو کی، دونوں رہ نماؤں کے درمیان قضیہ فلسطین اور اس حوالے سے ہونےوالی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گذشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن سے ٹیلیفون پر بات چیت کی صدر محمود عباس نے ترک صدر کو آیا صوفیا کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے کے فیصلے پر مبارکباد پیش کی۔ اس کے علاوہ ترکی کی طرف سے فلسطینی قوم کے دیرینہ حقوق کی حمایت، فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لیے اسرائیلی حربوں پر ترکی کے جرات مندانہ موقف پر صدر ایردوآن کا شکریہ ادا کیا۔
ترک صدر نے کہا کہ ان کا ملک فلسطین کی مقدسات ہماری مقدسات ہیں اوران کے دفاع کے لیے ترکی ہرکوشش کرے گاجبکہ عالمی سطح پر فلسطینی قوم کے حقوق اور اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرتا رہے گا۔
صدر محمود عباس نے ترک صدر کو بتایا کہ فلسطینی اتھارٹی عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطینی علاقوں کے الحاق کے صہیونی اعلان اور دیگر توسیع پسندانہ سازشی عزائم کے خلاف کام کررہی ہے۔