(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) عرب لیگ کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ قضیہ فلسطین سے انکار کی بھاری قیمت عالمی برادری کو ادا کرنا ہوگی ،2010 کے بعد سے عرب ممالک میں چلنے والی تبدیلی کی ہوا کو عرب بہار نہیں کہہ سکتے ، یہ کیسی بہار ہے جس میں لاکھوں لوگ بے گھر اور لاکھوں مارے گئے۔
مصر کے شہر شرم الشیخ میں منعقدہ کانفرنس ‘موجودہ چیلنجز اور عالمی سلامتی’ سے خطاب کرتے ہوئے عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل احمد ابو الغیط نے تقریب کے میزبان عمرو عبدالحامد کی جانب سے عرب میں ہونے والی تبدیلی عرب بہار پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ کیسی بہار ہےجس کے تحت اٹھنے والی تحریکوں کے نتیجے میں یہ ملک انارکی اور افراتفری کا شکار ہوئے اور ان کی داخلی کمزوری سے فائدہ اٹھا کر بعض عالمی طاقتوں نے اپنے مقاصد پورے کرنے کی کوشش کی۔
انکا کہنا تھا کہ شام میں خانہ جنگی کے باعث 5 لاکھ شامی ہلاک ہوئے، چار سے پانچ ملین بیرون ملک اور چھ ملین اندرون ملک نقل مکانی پرمجبور ہوئے۔ لیبیا تباہ ہوگیا۔ عراق، شام یمن اور کئی دوسرے ملک خانہ جنگی کے نتیجے میں بدترین تباہی سے دوچار ہوئے۔
انھوں نے کہا کہ اس ساری صورتحال میں ‘قضیہ فلسطین اپنا وجود کھو چکا ہے جس کی بھاری قیمت عالمی برادری کو قیمت چکانا پڑسکتی ہے’۔