(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے پر امن مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کرتے ہوئے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی زخمی جبکہ درجنوں دم گھٹنے کے باعث بے ہوش ہوگئے ۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قابض صیہونی فوج نے غرب اردن کے شمالی علاقے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تیار کردہ نام نہاد امن منصوبے "صدی کی ڈیل "کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرنے والے پر امن فلسطینیوں کو منتشر کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ، قابض فوج نے مظاہرین پر براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی ، بھاری مقدار میں کی جانے والی آنسو گیس کی شیلنگ سے گھروں میں موجود خواتین اور بچوں بے متاثر ہوئے ۔
فلسطین ہلال احمر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ قابض فوج کی وحشیانہ فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو فوری طورپر قریبی اسپتال منتقل کیاگیا ہے جس میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔