(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )رام اللہ کے مختلف علاقوں میں صہیونی فوج کی گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں ایک نابالغ بچے سمیت کم سے کم 28فلسطینی شہریوں کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
فلسطینی ادارہ کلب برائے اسیران کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ گذشتہ روز صہیونی فوجیوں نے رام اللہ کے مختلف علاقوں میں داخل ہوکر علاقے کو پوری طرح سے گھیرے میں لے لیا اورفلسطینی باشندوں کے گھروں میں اسلحہ کے زور پرداخل ہوکر تلاشی کے بہانے انہیں تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے گرفتار کیا جبکہ قابض فوج نے فلسطینیوں کی املاک کو بھی نقصان پہنچایا جس کے نتیجے میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے فلسطینی باشندوں نے صہیونی فوج پر پتھراؤ کیا اور علاقے میں داخل ہونے والی صہیونی فوجی گاڑیوں کے شیشے توڑ ڈالے۔
خیال رہے کہ اس پر تشدد تصادم میں متعدد افراد صہیونی فوجیوں کے ہاتھ لگے جن میں 1 نابالغ بچہ بھی شامل ہے،جنہیں بدترین تشدد کے بعد گرفتار کرتے ہوئے صہیونی انتظامی جیلوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔