(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) "سن 2000 کے بعد سے ، اسرائیل کی حکومت فلسطینی عوام کے پیسوں سے غیر قانونی کٹوتی کرتی رہی ہے اور اب صدی کی ڈیل کے نام پر فلسطینیوں کو ان ہی کے وطن سے بے دخل کیا جارہا ہے ۔
فلسطینی اتھارٹی میں تحریک فتح کی مرکزی کمیٹی کے ممبر اور شہری امور کے وزیر ، حسین الشیخ نے رام اللہ میں ایک اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور قابض ریاست کے درمیان اختلافات حد سے آگے بڑھتے جارہے ہیں ۔
اسرائیل کے ساتھ ہر طرح کے تعاون کے باجود فلسطینیوں کے خلاف غیر قانونی اور غیر اخلاقی اقدامات تشویشناک ہیں ، ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ "سن 2000 کے بعد سے ، اسرائیل کی حکومت فلسطینی عوام کے پیسوں سے غیر قانونی کٹوتی کرتی رہی ہے اور اب امریکی صدر کی جانب سے پیش کردہ نام نہاد سازشی امن منصوبے صدی کی ڈیل کے نام پر فلسطینیوں کو ان ہی کے وطن سے بے دخل کیا جارہا ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ فلسطین اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ مشترکہ تکنیکی اور گفتگو طلب مسائل پر تعاون کیا ہے ، تمام مالیاتی امور اور اس کے میکانزم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جاچکا ہے تاہم اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف اقدامات جاری ہیں ، اسرائیل فلسطینیوں کے حقوق پر کھلے عام ڈاکہ ڈال رہا ہے جو سنگین نتائج کا باعث بن سکتے ہیں