(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) امریکی سفیر کی جانب سے فلسطین کی امداد کے اعلان کے جواب میں فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ہمیں امریکا کی جانب سے کوئی امداد نہیں ملی اور نا ہمیں امریکا کی امداد کی ضرورت ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران امریکا کی جانب سے امداد کے اعلان پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان ابراہیم کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکا کی جانب سے کوئی امداد نہیں ملی ہے اور نا ہی ہمیں امریکی امداد کی ضرورت ہے ۔
انکا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے نام نہاد امن منصوبے صدی کی ڈیل کے اعلان کے بعد سے ٹرمپ انتظامیہ سے ہمارے تعلقات اچھے نہیں ہیں ہم نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی قوم کے خلاف سیاسی اور معاشی حق تلفی کے سلسلے کو بند کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ کے ساتھ اختلافات کے باوجود کانگریس کے ان اراکین کا احترام کرتے ہیں جو طویل عرصے سے فلسطین کے حق خود ارادیت کی حمایت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ اسرائیل میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ فریڈ میں نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر امریکا کی جانب سے فلسطین کی طبی امداد کیلئے 50 لاکھ امریکی ڈالر امداد کا اعلان کیا ہے۔