(ّروز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )روس نے فلسطینی صدر کے اسرائیل سے تمام معاہدے ختم کیے جانے کے اعلان کو اہم معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم خطے میں رونما ہونے والی تبدیلوں کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق روسی صدر کے خصوصی مشیر برائے مشرق وسطی میخائل بوغدانو کا صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہنا تھا کہ ان کو فلسطینی صدر کے اس اہم فیصلے سے متعلق خبر مل چکی ہے اور ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ یہ کس قدر حساس معاملہ ہے اور ہم جلد ہی اس کا کوئی ایسا حل تلاش کر لیں گے جو دونوں فریقین کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازعے کو کم کر سکے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کے اہم اجلاس کے بعد فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی قیادت اب اسرائیل سے کیے گئے امن معاہدوں کی پابند نہیں رہی اور ہم اب اسرائیل کے خلاف ہر قدم اٹھانے کے لیے تیار ہیں۔
رام اللہ میں ہونے والے فلسطینی قیادت کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ حالیہ اسرائیلی بربریت اور فلسطینی گھروں کے مسماری جیسے ظالمانہ عمل کے بعد فلسطینی قیادت اسرائیل سے کیے گئے امن معاہدوں کی پابند نہیں رہی ہے۔
اجلاس کے دوران انہوں نے ایک نئی کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کیا جو اسرائیل سے ماضی میں کئے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کرے گی اور آئندہ کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لے گی۔
قبل ازیں فلسطینی صدر محمود عباس نے پی ایل او اور فتح موومنٹ کے ہنگامی اجلاس کی بھی صدارت بھی کی تھی اور اسرائیل کی جانب سے صورباھر میں فلسطینی گھروں کی مسماری اور اس کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیاتھا۔