(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) لبنانی وزارت صحت کی جانب سے لبنان میں فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کورونا سے بچاؤ ویکسین کی امداد کی فراہمی کی اپیل پر لبنان میں رجسٹرڈ تین لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو لگوائی جائے گی۔
لبنانی میڈیا رپورٹ کے مطابق گذشتہ روزوزارت صحت لبنان کی جانب سے لبنانی رجسٹرڈ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے آسٹر زینیکاکمپنی کی تیار کردہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔
لبنان میں فلسطینی پناہ گزین کیمپوں میں کورونا وائرس وبا کے باعث بگڑتی صورت حال کے پیش نظر چند روز قبل دارالحکومت بیروت میں ہونے والے ایک اجلاس میں لبنانی وزیر صحت حمد حسن کی جانب سے امداد دینے والے ممالک پر زور دیا گیا تھا کہ وہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے کورونا سے بچاؤ ویکسین کی امداد فراہم کریں جس کے بعد لبنانی وزیر صحت اور لبنان اور فلسطین کی ڈائیلاگ کمیٹی کے سربراہ حسن منیمنہ کے مابین ان امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی جس کے نتیجے میں لبنانی وزیر صحت نے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی امدادی ورکس ایجنسی کے ڈائریکٹر کلاڈیو کورڈون سے بھی ملاقات کی اور ان سے ایجنسی کےذریعے لبنان کی وزارت صحت کے پلیٹ فارم پر فلسطینیوں کے اندراج کے عمل کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جس میں لبنان میں رجسٹرڈ تین لاکھ فلسطینی پناہ گزینوں کو ویکسین لگوائی جائے گی جبکہ شفا ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مجدی کریم کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی ہے کہ فلسطینی طبی عملہ فلسطینی مہاجرین کو ویکسین فراہم کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔