(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) یورپی یونین کی جانب سے مقبوضہ مغربی کنارے کی تعمیر ترقی کیلئے 8.5 ملین یورو امداد کا اعلان صیہونی ریاست میں غرب اردن کے علاقوں کو ضم کرنے کی پالیسی کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ سے ان کے دفتر میں یورپی یونین کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر یورپی یونین کے وفد نے مقبوضہ مغربی کنارے میں تعمیر ترقی کے 16مختلف منصوبوں کیلئے 5.8ملین یورو امداد کے معاہدے پر دستخط کئے۔
مقبوضہ مغربی کنارے کیلئے امدادی پیکج کے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں یورپی یونین کے وفد کا کہنا تھا کہ یورپی یونین اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے حصوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کے فیصلے کو مسترد کرچکی ہے، "یوروپی یونین ایریا سی کو مقبوضہ فلسطین کے علاقوں کا لازمی جزو سمجھتی ہے اور اس موقف کا اظہار گزشتہ کئی برسوں سے کیا جارہا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی وزیراعظم نے بتایا کہ مغربی کنارے پر پانی، بجلی، سڑکیں، اسکول اور صحت کے مراکز سمیت دیگر 16منصوبوں پر جلد کام شروع ہوگا جس کےباعث تقریبا24 ہزار کے قریب فلسطینیوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔