(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ(وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں وینٹی لیٹر، انتہائی نگہداشت وارڈ کے آلات ،ادویات اور دیگر طبی آلات کی فوری ضرورت ہے ، اگر ہنگامی بنیادوں پر غزہ کی امداد نہیں کی گئی صحت کے سنگین بحران کے پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
غزہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ تیرا سالوں سے اسرائیلی ریاست کی جانب سے غیر قانونی محاصرے اور معاشی ناکہ بندی کا شکار شہر غزہ میں صحت کی صورت حال کافی مخدوش ہے اور آنے والے دنوں میں صحت کے حوالے سے کوئی نیا المیہ رونما ہوسکتا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ غزہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے شبہ میں 1381 افراد کو قرنطینہ مراکز میں رکھا گیا ہےجن میں وزارت صحت کے 258 افراد بھی شامل ہیں، انکا کہنا تھا کہ غزہ میں وینٹی لیٹر، انتہائی نگہداشت وارڈ کے آلات ، ادویات اور دیگر طبی آلات کی فوری ضرورت ہے،انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی وباء کوروناوائرس کی وجہ ے درپیش مشکلات میں غزہ کی فوری طبی امداد فراہم کرے۔