(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوجیوں کی ریاستی دہشتگردی کے ردعمل میں مشتعل فلسطینی نوجوانوں کی قابض فوج کے ساتھ جھڑپوں میں 14 فلسطینی زخمی ہوگئے، نوجوانوں نے صیہونی فوجی چوکی کو آگ لگادی۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزین کیمپ کےقریب قابض فوجیوں نے نام نہاد تلاشی کے نام پر فلسطینیوں کے گھروں میں روایتی لوٹ مار شروع کی اور مکینوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے ردعمل میں فلسطینی نوجوانوں نے مزاحمت کی۔
قابض فوج کی جانب سے مزاحمت کرنے والے فلسطینی نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ اور ربڑ کی گولیاں برسائی گئیں جس کے نتیجے میں کم سے کم 14 فلسطینی زخمی ہوگئے، صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف مشتعل نوجوانوں نے قابض فوجیوں پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بم پھنکے، پٹرول بم حملے میں قابض صیہونی فوج کا ایک کنٹرول ٹاور اور فوجی چوکی کو آگ لگ گئی۔