(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ کی سرحد پر قابض فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے بعد اسرائیل کے جنوب علاقوں میں قائم یہودی بستیوں پر کم سے کم بیس راکٹ فائر کیے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل نے اپنی رپوٹ میں بتایا ہے کہ قابض فوج کی جانب سے رات گئے غزہ میں متعدد مقامات پر بمباری کے بعد مزاحمت کاروں کی جانب سے قابض ریاست کی صیہونی بستیوں کو نشانہ بنایا گیا ہے اور غزہ کے سرحدی علاقوں سے کم سے کم بیس راکٹ اسرائیل میں داغے گئے ہیں ۔
اس سے قبل اتوار کی صبح قابض فوجیوں نے غزہ کی سرحد پر ایک فلسطینی کو گولی مار کر شہید جبکہ اس کی مدد کو آنے والے دیگر تین فلسطینیوں کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا اور یہ الزام عاید کیا تھا کہ وہ مذکورہ شخص اسرائیل کی سرحدی باڑ کے نزدیک بم نصب کرنے کی کوشش کررہا تھاجس پر اس کو نشانہ بنایا گیا ۔
صہیونی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنوبی اسرائیل کے پورے علاقے میں فضائی حملے سے انتباہ کے سائرن بجائے گئے ہیں۔ غزہ کی جانب سے کم سے کم بیس راکٹ چھوڑے گئے ہیں۔ تاہم فوری طور پر ان سے کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔گذشتہ چند ماہ کے دوران میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں کی جانب سے اسرائیل پر یہ سب سے شدید راکٹ باری ہے۔