(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) یورپی یونین نے صیہونی ریاست کے توسیع پسندانہ اقدامات اور فلسطینی علاقوں میں غیرقانونی یہودی بستیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر ناقابل قبول ہے۔
یورپی یونین کی جانب سے جاری ایک بیان میں مقبوضہ فلسطین میں اسرائیل کی غیر قانونی یہودی آباد کاری کی ایک بار پھر مذمت کی گئی ہے ، یورپی یونین نے اسرائیل سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیرات کو فوری طورپر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو فلسطینیوں کے خلاف یہودی آبادکاروں کے پرتشدد حربوں، ان کی املاک پرقبضے اور دیگر نسل پرستانہ جرائم کو روکنا ہو گا۔
جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی قائم کردہ تمام یہودی کالونیاں بین الاقوامی قوانین کی رو سے غیر قانونی اور ناقابل قبول ہونے کے ساتھ دیر پا امن کےقیام میں بھی ایک بہت بڑی رکاوٹ ہیں۔
یورپی یونین نے اسرائیلی غیر قانونی یہودی بستیوں کی تعمیرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں میں کسی قسم کا رد و بدل یا یک طرفہ اقدام غیرقانونی ہوگا اور اس کے لیے دونوں فریقین فلسطینیوں اور اسرائیل کواتفاق رائے قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 پرعمل درآمد یقینی بنانا ہوگا۔