(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینی طالبہ کی انتظامی حراست کے تحت قید میں دوسری مرتبہ تین ماہ کی توسیع کردی گئی ہے ،فلسطینی طالبہ کو صیہونی فو ج نے 12 دسمبر 2019ء کو حراست میں لیا تھا۔
سماجی رابطو ں کی ویب سائٹ فیس بک پر جاری کردہ ایک بیان میں انتظامی حراست کی غیرقانونی پالیسی کے تحت قید 23 سالہ فلسطینی طالبہ شذی ماجد حسن کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ شذی کی قید میں صیہونی حکام نے دوسری مرتبہ تین ماہ کی توسیع کردی ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ شذی ماجد حسن کو کو بنجمن کے علاقے میں قائم پولیس اسٹیشن میں لے جایا گیا ہےجہاں سے اسے ھشارون جیل میں منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ شذی ماجد حسن کو اسرائیلی فوج نے 12 دسمبر 2019ء کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر قابض صیہونی فوج کے جرائم عیاں کرنے کے جرم میں حراست میں لیا تھا اس کے بعد اسے تین ماہ کی انتظامی قید میں ڈال دیا گیا، گزشتہ روز اس کی مدت حراست ختم ہونے ساتھ ہی اس میں تین ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔