غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تنظیموں نے مسجد اقصیٰ کے خلاف صیہونی ریشہ دوانیوں کے خلاف اور مقدس مقام کے تاریخی اور اسلامی تشخص کے دفاع کے لیے ملک بھر میں ’’نفیرعام‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ حماس کی طرف سے غزہ کی پٹی، غرب اردن ، القدس اور اندورن فلسطین میں دفاع قبلہ اوّل ریلیوں اور جلسے جلوسوں میں شہریوں سے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینیوں کی نوجوانوں کی نمائندہ جماعتوں کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے ’’باب رحمت‘‘ میں اسرائیلی فوج کی یلغار اور وہاں پرفلسطینیوں کو نماز کی ادائیگی سے محروم رکھنے کی سازش، قبلہ اوّل کو یہودیانے اور مسلمانوں کے اس تیسرے مقدس ترین مقام کی روز مرہ جاری بے حرمتی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔
اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) اور اسلامی جہاد سمیت دیگرفلسطینی جماعتوں نے نفیر عام کی کی حمایت کرتے ہوئےعوام سے جمعہ کے روز دفاع قبلہ اوّل ریلیوں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اسرائیلی چیک پوسٹوں کے قریب جمع ہوکر نماز ادا کرنے اور اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی ہے۔
ادھر دوسری جانب اسرائیلی ریاست میں ہیکل سلیمانی کے لیے سرگرم صیہونی تنظیموں نے آج جمعرات کی شام مسجد اقصیٰ پر دھاوا بولنے اورباب رحمت میں داخل ہونے کی مذموم مہم شروع کی ہے۔