(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی بلا جواز گرفتاریوں پر فلسطینی شہریوں اور صیہونی فوج کے درمیان گزشتہ چار روز سے پرتشدد جھڑپیں جاری ہیں جس میں متعدد فلسطینی زخمی ہوچکےہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے شہر طولکرم میں شویکہ کے مقام کو صیہونی فوج کی جانب سے بلا جواز بند کرنے اور غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف فلسطینی شہری اور صیہونی فوج کے درمیان جھڑپیں جاری ہیں
فلسطینی شہری راستوں کو کھولنے کامطالبہ کررہے ہیں جبکہ صیہونی فوج مظاہرین پر طاقت کا بھرپور استعمال کررہی ہے ۔
صیہونی فوج کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے براہ راست فائرنگ اور آنسو گیس کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے جبکہ مظاہرین کی جانب سے قابض صیہونی فوج پر پتھراؤ اور پٹرول سے بھری بوتلوں کو پھینک کر آگ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
آخری اطلاعات تک صیہونی فوج کی فائرنگ اور آنسوگیس کی شیلنگ سے کم سے کم 20 فلسطینی باشندوں کے زخمی ہونے اور درجنوں کے گرفتار ہونے کی اطلاعات ہیں ۔