(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی وزیراعظم نے کہا ہے کہ اگر فلسطینی صدی کی ڈیل پر عمل کیلئے تیار ہیں تو ان سےمذاکرات ممکن ہیں۔
اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے برطانوی وزیراعظم سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سےمشرق وسطیٰ کے لیے تیار کردہ امن منصوبے صدی کی ڈیل پرعمل درآمد کریں گے ، یہ منصوبہ فلسطینی اتھارٹی کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد بن سکتا ہے اور اسرائیل مذاکرات کیلئے تیار ہے ۔
واضح رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے گذشتہ ہفتے ایک بیان میں فلسطینی اراضی کے الحاق کے اسرائیلی اعلان کو مسترد کردیا تھا۔ انہوں نے اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کے نتیجے میں امن کی تمام مساعی تباہ ہوجائیں گی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ توقع ہے کہ نیتن یاھو غرب اردن کے الحاق کے اعلان پر نظر ثانی کریں گے۔