(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیرخارجہ سےملاقات میں سلوینیاوزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر جاری مظالم پر عالمی برادری اور یورپی یونین کی خاموشی شرمناک ہے۔
اٹلی کے دارالحکومت روم میں سلوینیا کے وزیرخارجہ میروسلاؤ سیرار نے فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی سے ملاقات کی ، اس موقع پر سلوینیا کے وزیرخارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کی انتقامی اور جارحانہ سرگرمیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی خطرناک ہے، فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری اور یورپی یونین کی خاموشی شرمناک ہے۔
انھوں نے کہا کہ یورپی یونین کی نئی قیادت فلسطینیوں کے ساتھ نا انصافی اور فلسطینی قوم کے بنیادی مطالبات کو نظرانداز کرنے کا کوئی اقدام قبول نہیں کرےگی، عالمی برادری کو فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی انتقامی اقدامات کا نوٹس لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سلوینیا فلسطین میں یہودی بستیوں کی تعمیر کو غیرقانونی قرار دیتا اور دو ریاستی فارمولے کے تحت مسئلہ فلسطین کے حل کی حمایت کرتا ہے۔
اس موقع پر فلسطینی وزیرخاجہ نے اپنی سلوینی ہم منصب کے سامنے فلسطین کی موجودہ صورت حال، امریکی انتظامیہ کی طرف سے اسرائیل کی حمایت میں کیے گئے اقدامات اور ان کے مضمرات اور حال ہی میں امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کے فلسطین میں یہودی آباد کاری کے حوالے سے متنازع موقف پر تفصیلی بریفنگ دی۔