(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی وزارت صحت نے رپورٹ دی ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے حملوں میں 17 فلسطینی شہید جبکہ 19 زخمی ہوگئے۔
وزارت کے مطابق تمام شہداء تباہ شدہ گھروں کے ملبے تلے سے نکالے گئے، جب کہ زخمی افراد یا تو قابض فوج کے حملوں کا نشانہ بنے یا پھر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کے باعث زخمی ہوئے۔
وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غاصب صیہونی جارحیت میں شہید ہونے والوں کی تعداد 48,365 تک پہنچ چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 111,780 ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب بھی کئی افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں اور سڑکوں پر زخمی حالت میں موجود ہیں، مگر ریسکیو ٹیمیں اور ایمبولینسز ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں۔
وزارت صحت نے شہداء اور لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ریکارڈ کی تکمیل کے لیے فراہم کردہ لنک کے ذریعے اپنی معلومات درج کرائیں۔