(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں سیکرٹری وزارت محنت وافرادی قوت کا کہنا ہے کی عالمی وباء کے خطرات کے پیش نظر حکومت نے غزہ میں 100 بستروں پر مشتمل ایک عارضی مگر بین القوامی معیار کے اسپتال کی تعمیر کا فیصلہ کیا ہے جس کی تعمیر جاری ہے ۔
غزہ میں سیکرٹری وزارت محنت وافرادی قوت ناجی سرحان نے گزشتہ روز عالمی وباء کورونا وائرس اور اس حوالے سے حکومتی حکمت عملی سمیت حکومتی اقدامات پر ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے غزہ کے سرحدی علاقے رفح میں کورونا کے متاثرہ مریضوں کو رکھنے اور ان کے علاج کے لیے تمام جدید سہولیات سے آراستہ 100 بستروں پر مشتمل ایک عارضی فیلڈ اسپتال قائم کرنے کا کام شروع کردیا گیا ہےجبکہ غزہ کے شمالی علاقے میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جس میں 500 کمرے تیار کیے جائیں گے۔
سرحان نے مزید کہا کہ وزارت لیبر کے عملے نے وباء کے ابتدائی ایام میں رفح کے علاقے میں 56 کمروں پر مشتمل عارضی اسپتال قائم کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ شمالی غزہ میں ایک قرنطینہ سینٹر پہلے سے قائم کیا گیا ہے۔