(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں وزارت صحت کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران غاصب صیہونی فوج کی دہشتگردی کے نتیجے میں مزید 10 فلسطینی شہید اور 4 زخمی ہوگئے، ان 10 شہداء میں سے 7 کی لاشیں اسپتالوں میں پہنچیں، ایک زخمی شہید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا، جبکہ 2 افراد نئی بمباری میں شہید ہوئے۔
وزارت صحت کی روزانہ کی شماریاتی رپورٹ کے مطابق، غزہ میں اب بھی بے شمار افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں، مگر غاصب فوج کے حملوں کی شدت کے باعث ایمبولینس اور شہری دفاع کا عملہ ان تک پہنچنے سے قاصر ہے۔
7 اکتوبر 2023 سے جاری وحشیانہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 48,329 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جبکہ 111,753 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، جہاں طبی سہولیات کی شدید قلت اور مسلسل بمباری کے باعث زخمیوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔