(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) آج بروز اتوار اسرائیلی قابض فوج نے شمالی اور وسطی غزہ کی پٹی میں رہائشی عمارتوں پر بمباری کی سب سے بڑی کارروائی کی۔
غاصب صیہونی افواج نے شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ کا مسلسل آٹھویں روز بھی محاصرہ جاری رکھا، اس دوران صیہونی افواج نے دھماکوں سے عمارات کو تباہ کرنے کیلئے خیز روبوٹس کا استعمال کیا، جس کے بعد کیمپ کے کئی علاقوں میں آگ پھیل گئی۔
قابض فوج نے شمالی غزہ کی پٹی کے جبالیہ کیمپ میں الفلوگا کے علاقے میں متعدد مکانات کو دھماکے سے اڑا دیا اور مکینوں کو محفوظ مقامات پر جانے سے بھی روک دیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ صیہونی فوج علاقے میں کسی بھی شخص کے دیکھائی دیئے جانے پر فائرنگ سے شہید کررہی ہے اس بات سے قطع نظر کہ اس کی عمر اور جنس کیا ہے۔
غزہ میں وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 42,175 ہوگئی ہے جبکہ 98,336 فلسطینی زخمی ہیں، شہید ہونے والے فلسطینیوں میں 70 فیصد سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں۔