(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) یورپی یونین میں خارجی امور کے نمائندہ خصوصی نے فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی عملداری کی ایک بار پھر بھرپور مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اسرائیل غرب اردن کو اپنی عملداری میں لیتا ہے تو اس سے کسی کو سلامتی حاصل نہیں ہوگی غرب اردن کا الحاق خطےمیں تشدد اور افراتفری کا باعث بنے گا جس کا نتیجہ صرف تباہی ہے۔
یورپی یونین کے خارجہ اور سلامتی امور کے نمائندہ خصوصی جوزف بوریل نے اسرائیلی اخبار "معاریف ” میں اپنے مضمون میں فلسطینی علاقوں ہر اسرائیلی عملداری کو سراسر تباہی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے امن اور سلامتی ناپید ہوجائے گی ۔
مضمون میں انکاکہنا تھا کہ اسرائیل اور یورپی یونین کے اچھے تعلقات ہیں اور یونین چاہتی ہے کہ ان تعلقات میں مزید بہتری آئے اور تعلقات گہرے ہوں لیکن اگر اسرائیل غرب اردن پر اپنی جبری عملداری مسلط کرتا ہے تو اچھے تعلقات ممکن نہیں ہوسکتے ۔
جوزف بوریل نے اپنے مضمون میں امن اورسلامتی کو قائم رکھنے کی اپنی طویل جدوجہد کا تذکرہ کیا اور 2005 میں اسرائیلی پارلیمنٹ میں مہمان اسپیکر کے طورپر تقریرکو یادگار قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ تمام کوششیں خطے میں ایک دیرپا اور مستقل امن کیلئے ہیں ۔
انھوں نے دیگر ممالک سے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دوریاستی حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے پرزوردیتے ہوئے کہا کہ ہم کو خطے میں انسانوں کو محفوظ کرنے کے اقدامات کرنے چاہیئں ۔