(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ صدی کی ڈیل اور غرب اردن پر الحاق کے خلاف متحد ہیں، شیطانی معاہدے سے امریکی انتظامیہ اور انتہائی دائیں بازو کی صیہونی حکومت کے مابین نظریاتی اور سیاسی اتحاد بالکل واضح ہے جو فلسطین کے مسئلے کی بنیادوں پر حملہ کرنے والے تمام منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔
مقبوضہ فلسطین کی اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ ، اسماعیل ھنیہ نے عرب فورم کے اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خطاب میں مغربی کنارے کے صہیونی ریاست سے الحاق کے شیطانی منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی اختیار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فلسطینی قوم اور ان کی جماعت حماس پورے وطن کو قابض صہیونی ریاست کے پنجے سے آزاد کرانے اور اسرائیل کے توسیع پسندانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر محاذ پر مزاحمت کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اراضی صہیونی ریاست کی عملداری ، صدی کی ڈیل ، یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں کی جبری ہجرت امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ سازش ہے، فلسطینی قوم میں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانے کی پوری صلاحیت موجود ہے۔