(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) یورپی یونین کی جانب سے ایک بار پھر غاصب صیہونی ریاست سے مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے وسیع علاقے غرب اردن کو یکطرفہ طور پر اسرائیل کی عمل داری میں لانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الحاق کے صہیونی منصوبے پر عملدرآمد کو فوری طور پر روک نے کا مطالبہ کیا ہے۔
یورپی یونین کے سیکریٹری خارجی امور جوزف بوریل نے یورپی پارلیمنٹ کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غرب اردن پر اسرائیلی خودمختاری کے اعلان کی ایک بار پھر سخت الفاظ میں مذمت کرتےہوئے کہا ہے کہ ہمارا موقف انتہائی شفاف ہے اور گو کہ اس حوالے سے تمام فریقوں کا اتفاق نظر مشکل ہے لیکن مضبوط اکثریت ان ممالک پر مشتمل ہے جو تصویب شدہ بین الاقوامی قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اسرائیل کے "الحاقی منصوبے” کو بین الاقوامی قوانین کے خلاف تصور کرتے ہیں اور اس کے مخالف ہیں۔
انھوں نے قابض صہیونی ریاست اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ایسے یکطرفہ فیصلے پر عملدرآمد نہ کرے جس کا نتیجہ فلسطینی مقبوضہ سرزمین کے کسی بھی حصے کے اسرائیل میں ضم ہونے کی صورت میں برآمد ہوتا ہو، اسرائیل کے "الحاقی منصوبے” پر عملدرآمد سے فلسطین میں 2 حکومتوں کے (مبینہ) منصوبے کو شدید نقصان پہنچے گا اور کہا کہ یہ منصوبہ خطے کے استحکام، ہمارے اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور اسرائیل کے عرب ممالک کے ساتھ موجود تعلقات سمیت خود اسرائیلی سکیورٹی کے لئے بھی انتہائی خطرناک ہے، جبکہ یہ موضوع ہمارے لئے غیر قابل مذاکرہ ہے۔
یورپی یونین کے سیکریٹری خارجی امور جوزف بوریل نے کہا کہ غرب اردن کا اسرائیل کے ساتھ الحاق کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا ہم اس منصوبے پر عملدرآمد کو روکنے کی خاطر اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کے لئے اپنی پوری توانائیاں استعمال کریں گے۔