غرب اردن ۔ روزنامہ قدس ـ آنلائن خبر رساں ادارہ
غرب اردن اور مقبوضہ بیت المقدس میں مزاحمت کی کارروائیاں گذشتہ ہفتے بھی مسلسل بڑھتی رہیں۔ مرکز معلومات فلسطین ’’معطی‘‘ کی رپورٹ کے مطابق سات نومبر سنہ 2025 ءسے تیرہ نومبر سنہ 2025ء کے دوران قابض اسرائیل کی فوج اور غاصب آبادکاروں کے خلاف مجموعی طور پر 74 مزاحمتی کارروائیاں انجام دی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ مزاحمت کی ان کارروائیوں میں دو مقامات پر فائرنگ شامل تھی جن میں قابض اسرائیلی فوج کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے ساتھ دو الگ الگ کارروائیوں میں بم نصب کر کے قابض اسرائیلی فوج کی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
رپورٹ کے مطابق نوجوانوں اور قابض اسرائیلی فوج کے درمیان براہ راست جھڑپوں میں بھی اضافہ ہوا۔ مجموعی طور پر 51 مقامات پر ایسی جھڑپیں بھڑکیں جن میں نوجوانوں نے قابض فورسز کی دراندازیوں کے جواب میں پتھر برسائے۔ فلسطینیوں نے غاصب آبادکاروں کی جارحیت کا مقابلہ کرتے ہوئے 12 کارروائیاں انجام دیں جبکہ مزید دو کارروائیوں میں آبادکاروں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچایا گیا۔
رپورٹ یہ بھی بتاتی ہے کہ غرب اردن کے مختلف علاقوں میں 5 عوامی مظاہرے کیےگئے جن میں قابض اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور آبادکاروں کے بڑھتے ہوئے حملوں کی شدید مذمت کی گئی۔ ان مظاہروں میں شرکاء نے القدس میں قابض طاقت کی مسلط کردہ ظالمانہ پالیسیوں کو یکسر مسترد کیا۔
غرب اردن میں مزاحمت کا سفر مختلف محاذوں پر برابر جاری ہے، جبکہ دوسری جانب غاصب آبادکاروں کے حملے اور ان کی کھلی جارحیت قابض اسرائیلی فوج کی سرپرستی میں مزید بڑھتی جا رہی ہے جس سے مقبوضہ علاقوں کے حالات مزید پیچیدہ ہو رہے ہیں۔