(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے عید کی تعطیلات کے بعد غرب اردن کی عدالتوں کو کام شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
مقبوضہ فلسطینی شہررام اللہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا کہ صحت کی حفاظت اورسلامتی کی شرائط کے تحت تمام سرکاری محکموں، وزارتوں اور اداروں کو کام کی اجازت دے دی گئی ہے، عید کی تعطیلات میں تمام تجارتی اور صنعتی اداروں کو بند کردیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ منگل سے تمام مساجد اور گرجا گھروں کو عبادت کے لیے کھول دیا گیا ہےتاہم شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ مساجد میں چہروں پر ماسک پہن کرآئیں، گھروں سے وضو کرکے مساجد میں آئیں اور نماز کی ادائی کے دوران فاصلہ برقرار رکھیں۔