(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) محمود عباس کی ملیشیاء نے فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے رکن کو پانچ روز تک قید رکھنے کے بعد بھوک ہڑتال کرنے پر گزشتہ روز رہا کردیا۔
فلسطینی قانون ساز اسمبلی کے رکن حسام خضر کے بھائی غسان خضر نے اپنے بیان میں اپنے بھائی کی فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں گرفتاری اور پھر رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ عباس ملیشیانے ان کے بھائی کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھانے کی پاداش میں گرفتارکیا اور پانچ روز تک انھیں ان پر عائد الزامات پر عدالت میں بھی پیش نہیں کیا گیا ۔
انھوں نے بتایا کہ ان کے بھائی بیمار ہیں اور فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں بلا جواز اور غیر قانونی گرفتاری پر بطور احتجاج بھوک ہڑتال کا اعلان کیا جس پر وہ پانچ دن تک قائم رہے اور طبیعت خراب ہونے کے بعد عباس ملیشیا نے انھیں رہا کردیا ہے ۔
واضح رہے کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے حسام خضری کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آزادی اظہاررائے پر عباس ملیشاکی جانب سے حسام خضر کی گرفتاری اور ان کے اہل خانہ پر تشدد ناقابل قبول ہے ۔