(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) صہیونی وزیراعظم نے کہا ہے کہ غرب اردن کا اسرائیل کے ساتھ الحاق آسان نہیں ہے۔
صہیونی میڈیا رپورٹ کے مطابق صیہونی قابض ریاست کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے لیکوڈ پارٹی کے اجلاس میں اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ غرب اردن کا اسرائیل کے ساتھ الحاق آسان فیصلہ نہیں ہے ، غرب اردن کی یہودی کالونیوں کو اسرائیل میں ضم کرنے کا فیصلہ ایک پیچیدہ عمل ہے جس میں بہت سے سیاسی و سیکورٹی مسائل ہیں۔
پارٹی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ یہ ایک پیچیدہ عمل ہے تاہم اس حوالے سے تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں۔
اس سے قبل سرائیلی کابینہ میں صہیونی وزیراعظم کے حکومتی سابق اسرائیلی آرمی چیف اور وزیردفاع بنی گینٹز نے بھی اس منصوبے پر اپنے رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی غرب اردن کے الحاق کے منصوبے پر عمل درآمد کے لئے مناسب وقت نہیں ہے۔
صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے بھی کہا ہے کہ اندرونی اختلافات اور عالمی برادری کے دباؤ کی بنا پرغرب اردن کے بعض علاقوں کو اسرائيل میں ضم کرنے کے منصوبے پر مقررہ تاریخ پرعمل درآمد بعید نظر آتا ہے۔ صیہونی حکومت بدھ سے غرب اردن کے تقریبا تیس فیصد علاقے کو مقبوضہ فلسطین میں ضم کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کرنا چاہتی تھی۔