(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے گذشتہ ایک سال کے دوران مکانات کی مسماری سے ڈیڑھ ہزار سے زائد فلسطینیوں کو بے گھر کیا اور سیکڑوں افراد کو بے روز گار کیا۔
صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے گھروں اور املاک کی مسمار ی کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی کمیٹی کے سربراہ نے بتایا ہے کہ قابض صیہونی فوج نے گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں مشرقی یطا کے مقام پر فلسطینیوں کے سات مختلف رہائشی مکانات کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے مسمار کرنے کافیصلہ کیا ہے اس حوالے سے نوٹسز رہائشی افراد کو تھمادیئے گئے ہیں ۔
واضح رہے کہ صیہونی ریاست کی ظالمانہ غیر انسانی پالیسیوں کے تحت فلسطینیوں کے گھروں اور املاک کو غیر قانونی قراردیکر مسماری کی مہم ایک منظم طریقے سے جاری ہے جس کا مقصد مقامی فلسطینیوں کو ان کے آبائی علاقوں سے بے دخل کرکے وہاں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کو بسانا ہے ۔
گذشتہ ایک سال کے دوران قابض فوجیوں نے فلسطینیوں کے سیکڑوں گھروں اور املاک کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے مسمار کیا جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت ڈیڑھ ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ۔