(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے فلسطینی نوجوان کو اس وقت گلے میں گولی مارکر زخمی کردیا جب وہ اپنا الیکٹرک جنریٹر صیہونی فوج سے واپس لینے کی کوشش کررہا تھا۔
عینی شاہدین کے مطابق قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے جنوبی شہر الخلیل میں التوانہ کے مقام پر 24 سالہ فلسطینی هارون أبوعرام کو اس وقت انتہائی قریب سے گولی مارکر زخمی کردیا جب صیہونی فوجی اس کے گھر سے الیکٹرک جنریٹر کو جبری طورپر لے جارہے تھے، ھارون ابو عرام نے اپنی گھر میں بجلی کے حصول کے واحد ذریعے کو روکنے کی کوشش میں مزاحمت کی جس کے جواب میں ایک صیہونی فوجی نے ھارون ابو عرام کے گلے میں انتہائی قریب سے گولی ماردی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا ۔
زخمی کو فوری طورپر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔