(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر میں کارروائی کرتے ہوئے معروف فلسطینی سماجی کارکن اور مسجد اقصیٰ کی مرابطہ ھنادی الحوانی کو گرفتار کرتے ہوئے ان پر چھ ماہ کیلئےقبلہ اول میں داخل ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔
صیہونی فوج کے ہاتھوں گرفتاری اور پھر قبلہ اول سے بے دخل کرنے کے حکم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ھنادی الحوانی نے کہا ہے کہ قابض اسرائیلی ریاست مذہبی جارحیت اور اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے القدس کو یہودیانے کیلئے مسجد اقصیٰ کے نمازیوں پرپابندیاں عاید کررہی ہے تاہم صیہونی ریاست اپنے مذموم مقاصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہوسکتے ۔
انھوں نے کہا کہ صیہونی حکام القدس میں یہودیت کے فروغ کیلئے غیر قانونی اقدامات کرر ہے ہیں عالمی برادری کو اس کا نوٹس لینا چاہئے ۔
واضح رہے کہ صیہونی فوج نے ھنادی الحوانی کو مقبوضہ بیت المقدس اور الغزالی اسکوائر کے درمیان سے گرفتار کیا تھا ، قبلہ اول میں ان کی پابندی عائد کرنے کے بعد انھیں رہا کردیا گیا ہے ۔