(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) مقبوضہ فلسطین میں صیہونی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے گھروں ، کاروباری املاک سمیت مال مویشیوں کے باڑوں کو بھی غیر قانونی قرار دینے کے بعد مسمار کیا جارہا ہے ،رواں سال کے دوران صیہونی فوج نے فلسطینیوں کے رہائشی گھروں ، اسکولوں اور اسپتالوں سمیت کم سے کم ڈیڑھ ہزار سے زائد املاک کو مسمار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج صبح مقبوضہ بیت المقدس کے شہر الخلیل کے جنوبی گاؤں السموع میں قابض صیہونی فوج نے دھاوا بولا اور دو رہائشی مکانات سمیت فلسطینی گاؤں کو تازہ پانی فراہم کرنے کا ذریعہ دو کنوؤں کو بھی مسمار کردیا ہے ۔
مقامی عہدیدار نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صیہونی ریاست فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے اور غیر قانونی آبادکاری میں تیزی لانے کیلئے فلسطینیوں کے گھروں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے مسمار کررہے ہیں جس کا مقصد فلسطینیوں کو بے دخل کرکے ہجرت پر مجبور کرنا ہے ۔