(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تعمیر کیلئے فلسطینی اراضی کو خالی کرانے کیلئے صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینیوں کے گھروں اور املاک کی مسماری تیزی سے جاری ہے۔
فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق قابض صیہونی حکام نے گزشتہ روز وادی اردن کے علاقے راس العوجا میں وجہ بتائے بغیر فلسطینیوں کے گھروں اور گوداموں سمیت متعدد املاک کو مسمار کردیا ۔
صیہونی مظالم کا شکار ہونے والے فلسطینی شہری جمال راشدہ کا کہنا تھا کہ قابض صہیونی حکام نے حال ہی میں فلسطین کے علاقے کو خالی کرنے کے لیے جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر راس العوجا میں من مانی بے دخلی اور مسمار کرنے کی مہمات میں اضافہ کیا ہے جس کا بنیادی مقصد فلسطینی اراضی پر تعمیر کردہ غیر قانونی صیہونی بستیوں کیلئے سڑکیں اور ان کے تحفظ کیلئے علاقے کو فلسطینیوں سے خالی کرانا ہے ۔