(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوجی حکم نامے کے مطابق ضبط کی گئی فلسطینی اراضی پر غیر قانونی صیہونی آبادکاروں کیلئے رہائشی یونٹس کی تعمیر کی جائے گی ، جس کیلئے جگہ کو فلسطینیوں سے خالی کرایا جارہا ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی آبادکاری کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے ادارے کے ڈائریکٹر محمد ابو الشیخ نے مقامی میڈیا کو بتایا ہے کہ قابض صیہونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے قلقیلیہ کے جنوب میں واقع فلسطینی گاؤں عزون عتمہ کےتقریبا ساڑھے چار ایکڑ کے قریب اراضی پر قبضہ کرلیا ہے اور اس مقام پر صیہونی ریاست کے منصوبوں کے مطابق اورانتب نامی غیر قانونی یہودی بستی کے نئے رہائشی یونٹ تعمیر کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ عزون عتمہ گاؤں عزون جنگل سے متصل ہے جس کو صیہونی فوج اور بلدیہ کی جانب سے مسلسل کاٹا جارہا ہے، 1948 کے بعد سے صیہونی فوج نے عزون کے چھ ہزار ایکڑ سے زائد علاقے پر پہلے ہی قبضہ کرلیا ہے ۔