(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوجی حکام نے فلسطینی عہدیداروں پر بیت المقدس میں فلسطینی اتھارٹی کے منصوبوں کو فروغ دینے اورقابض ریاست کے خلاف اقدامات کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق صیہونی فوج نے گزشتہ روز مقبوضہ مشرقی بیت المقدس ایک کارروائی کے دوران فلسطینی اتھارٹی کے گورنر اور تحریک فتح کے ایک سیکرٹری عدنان غیث سمیت آٹھ دیگر سنیئر فلسطینی رہنماؤں کو گرفتارکرلیا۔
اسرائیلی پولیس کے ترجمان مکی روزنفیلڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ القدس کے گورنر اور دیگر فلسطینی رہنماؤں کی حراست مقبوجۃ بیت المقدس میں فلسطینی اتھارٹی کے منصوبوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ اسرائیلی ریاست کے خلاف اقدامات کرنے پر گرفتارکیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ القدس کے گورنر کو اس سے قبل میں متعدد مرتبہ گرفتارکیا جاچکا ہے جبکہ دیگر عہدیداران کو بھی انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت کئی کئی ماہ قید کی سزائیں دی جا چکی ہیں ۔