(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی عقوبت خانوں میں زندگی کے ساڑھے سترہ سال گزارنے کے بعد فلسطینی باشندے کو گزشتہ روز رہا کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین کے علاقے غرب اردن کے شمالی شہر جنین سے تعلق رکھنے والے ھانی توفیق ابو حطب اسرائیلی عقوبت خانوں میں زندگی کے ساڑھے سترہ سال گزارنے کے بعد گزشتہ روز رہا کردئے گئے ، ابو حطب کو بدنام زمانہ ریمون جیل سے الخلیل شہر کی الظاھریہ چیک پوسٹ پران کے اہلخانہ کے سپرد کیا گیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ابو حطب کا کہنا تھا کہ صیہونی عقوبت خانوں میں قید فلسطینی شہریوں پر صہیونی جلاد بدترین تشدد کرتے ہیں ، فلسطینی باشندوں کو تکلیف دینے کیلئے نت نئے انتقامی اور وحشیانہ حربوں کا استعمال کیا جاتا ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ فلسطینی قیدیوں کو ذہنی اذیت دینے کیلئے ان کے وکیل اور اہلخانہ سے بھی ملاقات پرپابندی اب معمول بن چکی ہے جبکہ بیماری کی صورت میں علاج کی کوئی سہولیت میسر نہیں ہے انھوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی جیل میں کینسر جیسے خطرناک مرض میں مبتلا مریضوں کو صرف درد کش ادویات دی جارہی ہیں ۔
واضح رہے کہ صرف ریمون جیل میں اس وقت 720 بیمار فلسطینی قیدی پابند سلاسل ہیں جنھیں بنیادی انسانی حقوق بھی میسر نہیں ہیں۔