(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) نابلس شہراور اس کے اطراف میں قائم غیرقانونی یہودی بستیوں کو ملانے کے لیےکھدائی جاری ، 7 کلو میٹر پر مشتمل بائی پاس سڑکوں کی تعمیر کیلئے 406 دونم فلسطینی اراضی غصب کرلی گئی۔
غرب اردن میں یہودی کالونیوں کے امور کے ماہر غسان دغلس نے بتایا کہ قابض صہیونی حکام نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس اور گردونواح میں قائم کردہ غیر قاونی یہودی کالونیوں کو باہم ملانے کے لیے فلسطینی اراضی پر سڑکوں کی تعمیر کا ایک نیا منصوبہ جاری کیا ہےجس کیلئے کھدائی کا کام بھی شروع ہوگیا ہے ۔
انھوں نے بتایا کہ نابلس شہراور اس کے اطراف میں قائم کی گئی غیرقانونی یہودی بستیوں کو ملانے کے لیے سڑکوں کی تعمیر کا منصوبہ اپریل 2019ء میں منظور کیا گیا تھاجبکہ اس منصوبے پر دو ہفتے قبل عمل درآمد شروع کیا گیا ہے ۔
غسان دغلس کا کہنا تھا کہ نابلس میں سڑکوں کی کھدائی زعترہ، حوارہ، بیتا اور اودلا میں کھدائی شروع کردی گئی ہے۔ مجموعی طورپر یہ سڑکیں نابلس کے سات دیہات کے اندر سے گذریں گی۔ان سڑکوں کے ذریعے شیلو، عیلہ اور وادی اردن کی یہودی کالونیوں کو باہم مربوط بنایا جائے گا۔