(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے صیہونی زندانوں میں فلسطینی قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک اور عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی جیل حکام دانستہ فلسطینی قیدیوں کو کورونا وائرس سے متاثر کررہے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں قیدیوں کے حقوق کے دفاع کے لیے کام کرنے والے ادارے’واعد’ نے اسرائیلی زندانوں کورونا وائرس کی موجودگی کے بعد فلسطینی قیدیوں کو عالمی وباء کے رحم وکرم پر چھوڑنے پرشدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی جیل انتظامیہ فلسطینی اسیران کے انسانی اور منصفانہ حقوق ومطالبات کو مسلسل نظرانداز کررہی ہے، فلسطینی قیدیوں کو کورونا کی وباء سے محفوظ رکھنے کے لیے قسم کی حفاظتی سہولیات میسر نہیں ہیں۔
‘واعد’کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صیہونی جیل حکام کی مجرمانہ غفلت کےباعث خطرہ ہے کہ کورونا کی وباء اسرائیلی زندانوں میں قیدیوں کو کسی سنگین انسانی المیے سےدوچار کرسکتی ہے، صہیونی زندانوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو ڈالا گیا جو کسی بھی بڑے نقصان کا سبب بن سکتا ہے ۔
واضح رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی جیل انتظامیہ کے تین اہلکاروں کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد فلسطینی اسیران کی صحت اور سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہوچکا ہے، اگر جیل اہلکاروں کی وجہ سے کرونا پھیلا تو فلسطینی قیدی اس کا آسان شکار ہوسکتے ہیں۔